مثبت تبدیلی کیلئے آزادی صحافت کیساتھ احساس ذمہ داری ضروری امرہے: مریم نواز
(لاہور نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت پنجاب صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آزادی صحافت کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اظہار کیلئے شہید ہونے والے برصغیر کے پہلے صحافی مولوی محمد باقر کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ذمہ داری کے ساتھ آزادی اظہار کے لئے کوشاں اور دور آمریت میں حریت فکر کا علم بلند کرنے والے ہر صحافی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا ہے کہ میڈیا نے اجتماعی شعور بیدار کرنے کیلئے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، مثبت تبدیلی کے لئے آزادی صحافت کے ساتھ احساس ذمہ داری ضروری امرہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ شفافیت ،صحت مند جمہوریت اور باشعور عوام کے لئے آزادی اظہار ضروری امر ہے، حکومت پنجاب صحافت اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔