پی ایچ اے کی نجی کمپنی کی جانب سے ٹیکس کولیکشن میں مبینہ خلاف ورزیوں کا انکشاف
(لاہور نیوز) پی ایچ اے کی نجی کمپنی اشتہاری ٹیکس اکٹھا کرنے میں شتر بے مہار ہوگئی، نجی کمپنی خاکسار کی طرف سے ٹیکس کولیکشن میں مبینہ خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
خاکسار کمپنی نے تعلیمی اداروں سمیت دیگر اداروں سے غیر قانونی اڑھائی کروڑ روپے کی بھی ریکوری کر لی، ڈائریکٹر مارکیٹنگ کی جانب سے نجی کمپنی خاکسار کو لکھا گیا مراسلہ سامنے آگیا۔
نوٹس میں ہدایت کی گئی ہے کہ پی ایچ اے کے وضع کردہ ریٹس کے مطابق ایڈورٹائزمنٹ فیس وصول کی جائے، آؤٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ پر کسی بھی طرح کی کوئی اوور چارجنگ نہ کی جائے، آؤٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ فیس صرف شاپ بورڈز سے وصول کی جائے گی۔
پی ایچ اے نے لاہور میں واقع دکانوں سے فیس اکٹھی کرنے کے لیے نجی کمپنی کو کنٹریکٹ دیا تھا، پی ایچ اے نے کمپنی کو ایک سال کے لیے لاہور کا ٹھیکہ 45 کروڑ روپے میں دے دیا۔
نجی کمپنی خاکسار نے لاہور میں واقع ایک لاکھ سے زائد کمرشل یونٹس کو نوٹس دے دیئے، خاکسار نے برانڈڈ اور نان برانڈڈ دکانوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کیٹیگری بنا کر وصولیاں شروع کر دیں ۔
کمپنی نے نان برانڈڈ شاپس کے لیے سات مختلف کیٹیگریز کی سڑکوں پر واقع دکانوں کے لیے ٹیکس مقرر کیا، برانڈڈ شاپس نے نجی کمپنی کو بورڈز لگانے کا 39 روپے فی مربع فٹ ماہانہ ٹیکس ادا کرنا ہے جبکہ خاکسار کمپنی مبینہ طور پر 100 روپے فی مربع فٹ ٹیکس وصول کر رہی ہے۔