مزدوروں کا حق کھانے والی حکومتیں بیان دے کر سمجھتی ہیں حق ادا کردیا:حافظ نعیم
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ مزدوروں کا حق کھانے والی حکومتیں بیان دے کر سمجھتی ہیں حق ادا کردیا۔
منصورہ میں تقریب سے خطاب کرتےہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو مزدوروں کے حقوق کا احساس ہی نہیں، موجودہ نظام لوگوں کو مایوس کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں 400 فیصد سے زائد اضافہ کر دیا گیا، پورا سسٹم گندگی پھیلانے والا نظام بن گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کمپنیوں سے ناجائز معاہدے کیے گئے، معاہدے کے تحت ہر صورت میں ان کمپنیوں کو پیسے دینا پڑتے ہیں، بجلی استعمال کریں یا نہ کریں پیسے دینے ہوں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بھائی وزیراعظم اور بیٹی وزیراعلیٰ ہیں، سمدھی رہ گئے تھے اب ان کو ڈپٹی وزیراعظم بنوا دیا ہے، حکومتی عہدوں کے ساتھ ساتھ پارٹی پر ان کا قبضہ بھی مضبوط ہوتا ہے، ان کی اپنی پارٹیوں میں جمہوریت نہیں یہ عوام کی کیا با ت کریں گے۔