(لاہور نیوز) راولپنڈی، پاکپتن اور چنیوٹ کے علاقوں میں خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے تھانہ آر اے بازار کی حدود میں گھر سے خاتون کی لاش بر آمد ہوئی جبکہ خاوند بے ہوشی کی حالت میں ملا، خاتون کی شناخت سدرہ بی بی کی نام سے ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس کے مطابق میاں بیوی گھر میں کرایہ پر رہائش پذیر تھے، پوسٹمارٹم کے بعد حقائق کا تعین کیا جا سکے گا۔
پاکپتن میں بھی گاؤں 39 ایس پی کے قریب سڑک کنارے نامعلوم شخص کی لاش برآمد ہوئی، ریسکیو ٹیموں نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے قتل کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
ادھر چنیوٹ میں ڈمپر پر سوار لڑکا ڈمپر سے گر کر ٹائر کے نیچے آگیا، شدید زخمی ہونے پر نوجوان کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا لیکن دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔