خواتین اہلکار مریم نواز کی یونیفارم والی تصویر بطور ڈی پی استعمال کر رہی ہیں: پنجاب پولیس
(لاہور نیوز) پاسنگ آؤٹ کی تقریب میں پولیس وردی پہن کر شرکت کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کے بعد پولیس کا ردعمل سامنے آگیا۔
پنجاب پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی پولیس یونیفارم میں شرکت پر لیڈی افسران نے اظہار تشکر کیا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ پولیس یونیفارم ریگولیشنز کے تحت وزیر اعلیٰ پولیس یونیفارم پہننے کی مجاز ہیں، مریم نواز نے خواتین کو محکمہ پولیس میں شمولیت کی ترغیب دی۔
ترجمان کے مطابق خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے وزیر اعلیٰ کی یونیفارم والی تصویر کو بطور ڈی پی استعمال کیا جا رہا ہے، پنجاب پولیس عوام کی خدمت میں ہمہ وقت مامور ہے۔
دوسری جانب سیشن کورٹ لاہور میں پولیس کی وردی پہننے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہو گئی ہے، ایڈیشنل سیشن جج آج صبح 9 بجے درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مریم نواز نے پولیس آفیشل کی وردی پہنی، قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ریاستی اداروں کی وردی نہیں پہن سکتا۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ پولیس کو مریم نواز شریف کے خلاف درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی، عدالت پولیس کی وردی پہننے پر مریم نواز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔