(ویب ڈیسک) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت میں تبدیلی کا عندیہ دے دیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کی مدت میں تبدیلی کیلئے سینئر وکلا سے رائے طلب کر لی، چیف جسٹس نے سپریم کورٹ رجسٹری میں پلاٹ کے تنازع کے کیس کی سماعت کے دوران استفسار کیا کہ ہائیکورٹس کے فیصلوں کیخلاف اپیل کی مدت کیا ہونی چاہئے؟
وکلا کا کہنا تھا کہ اپیل کی مدت سے متعلق سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ کا ایک فیصلہ موجود ہے، جس پر فروغ نسیم نے کہا کہ 5 رکنی بینچ کا فیصلہ محدود ہے، آپ کو ازسر نو جائزہ لینا ہو گا۔
بیرسٹر صلاح الدین احمد، فروغ نسیم، خالد جاوید، فیصل صدیقی اور دیگر وکلا نے معاملہ کا انتظامی طور پر جائزہ لینے کا مشورہ دے دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھتے ہیں ، یہ انتظامی طور پر حل ہو گا یا جوڈیشل سائیڈ پر۔
ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے کہا کہ آپ یہ فیصلہ کر سکتے ہیں، آپ کے دور میں بہت سے یونیک فیصلے ہوئے ہیں، یہ بھی ہو سکتا ہے۔
چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے خوشگوار موڈ میں مکالمہ کیا کہ یونیک تو اچھا بھی ہو سکتا ہے اور بُرا بھی۔