19 Apr 2024
(لاہور نیوز) عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی رمضان شوگر مل کیس میں ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی۔
احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج ندیم گلزار نے ریفرنس پر سماعت کی، عدالت میں شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین نے پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی۔
دوسری جانب حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست کی گئی جس میں موقف اپنایا گیا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث وہ پیش نہیں ہو سکتے۔
بعد ازاں لاہور کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 6 جون تک ملتوی کردی۔