(ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں ہونے والے خودکش حملے اور فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے پولیس کی دہشت گردوں کے خلاف بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے بڑے جانی نقصان سے بچا لیا۔
آصف علی زرداری کا مزید کہنا تھا کہ تمام قوم مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی، شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پولیس کی بر وقت کارروائی سے ہم کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر مذموم کارروائی کو ناکام بنائیں گے۔
خیال رہے کہ کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکی شہریوں کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک اور 2 سکیورٹی گارڈز سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے تاہم حملے کے نتیجے میں تمام غیر ملکی شہری محفوظ رہے۔