(لاہور نیوز) سٹیج کی دنیا کے بے تاج بادشاہ مستانہ کو مداحوں سے بچھڑے 12 برس بیت گئے، مستانہ نے 4 دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک سٹیج اور ٹی وی پر اپنے فن کا لوہا منوایا۔
شہنشاہ جگت ،معروف مزاحیہ تھیٹر اداکار مستانہ کا اصل نام مرتضیٰ حسن تھا، سال 1955ء میں گوجرانوالہ میں پیدا ہونے والے مستانہ نے لڑکپن میں ہی اداکاری کی دنیا میں قدم رکھ دیا اور 4 دہائیوں سے زیادہ عرصہ تک سٹیج اور ٹی وی پر اپنے فن کا جادو جگاتے رہے۔
مستانہ نے پنجابی اور اردو دونوں زبانوں کے ڈراموں میں کام کیا، انہیں فی البدیہہ مکالمے کی ادائیگی کا استاد کہا جاتا تھا، مستانہ کے کئی جملے آج بھی سنیں تو ہنسی پر قابو پانا ممکن نہیں رہتا۔
مستانہ نے لاہور میں 2 ہزار سے زائد تھیٹر ڈراموں میں کام کیا جن میں "عاشقو غم نہ کرو"، "چن مکھناں"، "بڑا مزہ آئے گا"،" لاری اڈا"،" کوٹھا" اور" کون جیتا کون ہارا "جیسے ڈرامے قابل ذکر ہیں، مستانہ نے ٹی وی ڈرامہ سیریل "شب دیگ "میں انکل کیوں کا کردار ادا کیا جو بے حد مقبول ہوا۔
مستانہ جگر کے کینسر کے باعث 11 اپریل 2011ء کو بہاولپور میں انتقال کر گئے تھے۔