(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کا ٹیکس عوام کی امانت اور اسے شفافیت سے خرچ کرنا حکومت کا فرض ہے۔
ٹیکس ڈے کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ٹیکس ڈے کا مقصد عوام میں ٹیکس ادائیگی کے حوالے سے شعور اور آگہی پیدا کرنا ہے، عوام کا ٹیکس عوام کی امانت ہے، ٹیکس کی ادائیگی ہر شہری کی ذمہ داری اور شفافیت سے خرچ کرنا حکومت کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں سے حاصل ہونیوالے وسائل عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر صرف کئے جاتے ہیں، عوام کو تعلیم،صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل امانت اور دیانت سمجھ کر صرف کرتے رہیں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کے تمام تر وسائل شفافیت کے ساتھ عوام کی فلاح وبہبود پر صرف کئے جارہے ہیں، پنجاب میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینے کے لئے ہر سطح پر کام کی ضرورت ہے۔