(لاہور نیوز) موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات نمایاں ہونے لگے، گزشتہ مہینہ تاریخ کا گرم ترین مارچ قرار دیا گیا۔
یورپی موسمیاتی ادارے کلائمیٹ چینج سروس نے موسمیاتی رپورٹ جاری کر دی جس کے مطابق درجہ حرارت میں اضافے سے بننے والے ریکارڈز کا سلسلہ جاری ہے، سائنسدانوں نے گزشتہ مہینے کو انسانی تاریخ کا گرم ترین مارچ قرار دیا ہے، یہ مسلسل 10 واں مہینہ ہے جس نے گرم ترین ہونے کا ریکارڈ قائم کیا، سال 2023 میں جون ، جولائی، اگست اور ستمبر گرم ترین مہینے ثابت ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا مارچ 2024 میں اوسط عالمی درجہ حرارت صنعتی عہد سے 1.68 ڈگری سینٹی گریڈ زائد ریکارڈ ہوا، گزشتہ 12 ماہ میں اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے 1.58 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ ہوا، یہ درجہ حرارت انسانی تاریخ کا اب تک سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ عالمی درجہ حرارت پیرس معاہدے میں طے شدہ حد سے عارضی طور پر تجاوز کر چکا ہے، پیرس معاہدہ 2015 کے مطابق عالمی درجہ حرارت کو 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز نہیں ہونے دیا جائے گا، اوسط عالمی درجہ حرارت 1990 سے 2020 کی اوسط سے 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، مشرقی شمالی امریکا، گرین لینڈ، مشرقی روس، وسطی امریکا اور جنوبی امریکا میں زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، افریقا کے بیشتر خطوں اور جنوبی آسٹریلیا میں بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہا۔