07 Apr 2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن "ڈرگ فری پنجاب" کو عملی جامہ پہنانے کیلئے صوبہ بھر میں منشیات استعمال کرنے اور بیچنے والوں کے خلاف مہم تیز کردی گئی۔
ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں 17 روز کے دوران 10 ہزار سے زائد چھاپوں میں 4 ہزار 713 ملزم گرفتار ہوئے اور 4 ہزار 941 ایف آئی آرز درج کی گئیں ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ انسداد منشیات مہم کے دوران ملزمان کے قبضہ سے 3 ہزار 398 کلو چرس،20کلو افیون برآمد ہوئی ، ساڑھے 17 کلو آئس اور 42 ہزار لیٹر سے زائد شراب بھی پکڑ ی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد منشیات مہم کے دوران گزشتہ 24 گھنٹے میں پولیس اور دیگر اداروں کے 427 چھاپوں میں 139 ملزمان گرفتار ہوئے اور 173 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہےکہ نوجوانوں کو منشیات سے بچانا ہمارا عزم ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے۔