(لاہور نیوز) ہزار مہینوں سے افضل رات، شب قدر آج عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔
شب قدر کے موقع پر آج ختم قرآن کی محافل کے انتظامات مکمل کر لیے گئے اور مساجد کو برقی قمقوں سے سجا دیا گیا ہے، خواتین گھروں اور مرد حضرات مساجد میں رات عبادت میں گزاریں گے، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا، مٹھائیاں تقسیم کی جائیں گی، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لیلۃ القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لیلۃ القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔
لاکھوں مسلمان اس رات اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل کی ادائیگی اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے ہیں۔