(ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ معیشت کے حوالے سے مثبت خبریں آرہی ہیں، معیشت کے استحکام کی بنیاد گزشتہ 16 ماہ میں رکھی گئی۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ آج روپے کی قدر میں بھی استحکام آیا ہے، بلوم برگ نے بھی معیشت کی بہتری کا اعتراف کیا، بلوم برگ کے مطابق گروتھ میں اضافہ ہو گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئی ایم ایف معاہدے کے بعد سٹاک ایکسچینج میں استحکام آیا ہے، معیشت بہتر، مہنگائی کم ہو رہی ہے، مہنگائی اگلے سال 15 فیصد تک آ جائے گی، معاشی اعشاریئے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی آئی اے کا سالانہ 80 ارب روپے خسارہ ہے، پی آئی اے کا 80 ارب روپیہ قومی خزانے اور پوری قوم پر بوجھ ہے، معیشت کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اُمید رکھنی چاہئے، شہباز شریف نے ماضی میں بھی شاندار کارکردگی دکھائی، شہباز شریف نے پنجاب کا نقشہ بدلا، اب بطور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بڑا اچھا کام کر رہی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ معاشی استحکام کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، ملک سیاسی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، مسائل حل ہوں گے، شہباز شریف اُمید کا نام ہے ان کی قیادت میں مسائل حل کریں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ یوتھ کے لئے جلد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، یوتھ کے حوالے سے ہماری ہمیشہ اچھی کوشش رہی ہے، انہوں نے کہا کہ افواہیں معیشت اور سیاست کے لئے اچھی نہیں ہوتیں۔