(لاہور نیوز) کاکول فٹنس کیمپ میں شریک قومی کرکٹرز کو آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے افطار ڈنر پر مدعو کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی کھلاڑیوں کا کاکول کیمپ 8 اپریل سے قبل ختم کر دیا جائے گا، کاکول کیمپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کا 7 اپریل کو آخری روز ہوگا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ 7 اپریل کی دوپہر قومی کرکٹرز ایبٹ آباد سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوں گے اور راولپنڈی میں آرمی چیف کے ساتھ افطار ڈنر کریں گے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ 7 اپریل کی شب ہی تمام کرکٹرز اپنے اپنے گھروں کو روانہ ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ دو ہفتوں پر محیط کیمپ کیلئے 8 اپریل آخری روز تھا تاہم آرمی چیف کی جانب سے افطار ڈنر پر مدعو کرنے کے باعث کاکول فٹنس کیمپ ایک روز پہلے ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فٹنس کیمپ کے ختم ہوتے ہی نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان بھی متوقع ہے، عید کے بعد ٹیم ارکان راولپنڈی میں رپورٹ کریں گے، جہاں کیویز کیخلاف ٹی 20 سیریز کے ابتدائی تین میچز شیڈول ہیں۔