01 Apr 2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر کی بندش کے کیس میں فریقین سے 18 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے صحافی حافظ شاکر محمود کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ ٹوئٹر کی بندش کے خلاف دائر متفرق درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دلائل دیئے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ 2 ماہ سے ٹوئٹر بند ہے، 17 فروری کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق وزارت داخلہ نے پی ٹی اے کو ٹوئٹر بند کرنے کی ہدایت کی تھی، وزارت داخلہ کو ٹوئٹر بند کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
بعدازاں عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 18 اپریل کو جواب طلب کر لیا۔