(لاہور نیوز) پردیسیوں کی عید اپنے پیاروں کے ساتھ آبائی علاقوں میں منانے کی تیاریاں مکمل ہو گئیں۔
عید قریب آتے ہی ریلوے سٹیشن پر گہما گہمی بڑھ گئی، پردیسی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منانے کے لئے پر تولنے لگے، 23 رمضان المبارک 3 اپریل سے عید تک کراچی اور کوئٹہ جانے والی تمام ٹرینوں کی بکنگ مکمل ہو گئی، ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے لئے 4 عید سپیشل ٹرینیں بھی چلائی جا رہی ہیں، ریلوے نے عید سپیشل ٹرینوں کی بکنگ بھی شروع کر دی۔
عید پر آبائی علاقوں میں جانے کے لئے بکنگ کروانے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ عید الفطر کی خوشی تو اپنے عزیزوں کے ساتھ ہی دوبالا ہوتی ہے، رش کی وجہ سے خواری سے بچنے کیلئے کوشش ہوتی ہے کہ پہلے ہی بکنگ کروا لیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے رش کے باعث تمام ٹرینوں کے ساتھ اضافی کوچز لگانے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔