(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر لاہور پولیس کا شہر بھر میں پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق رواں ماہ پتنگ بازوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران ایک ہزار 285 مقدمات درج کر کے ایک ہزار 330 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان میں ایک ہزار 223 پتنگ باز، 95پتنگ فروش جبکہ 12پتنگ ساز شامل ہیں، ملزمان کے قبضہ سے19ہزار700 سے زائد پتنگیں اور ایک ہزار 116 چرخیاں برآمد ہوئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سٹی ڈویژن میں پتنگ بازی کے308، کینٹ میں 296، سول لائنز میں 108، صدر میں 214، اقبال ٹاؤن میں 157 اور ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 247 ملزمان گرفتار کیے گئے۔
سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ کا کہنا ہے کہ پتنگ بازی کے خونی کھیل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی، قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
سی سی پی او لاہور نے مزید کہا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت پتنگ بازی کے خونی کاروبارمیں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سماج دشمن عناصر کوہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے پولیس فورس کو ہدایت کی کہ پتنگ سازی کے اڈوں اور سپلائی چین توڑنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں، پتنگ بازی کے آن لائن کاروبارمیں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔
سربراہ لاہور پولیس نے شہریوں سے التماس کی کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا شوق ہے اس لیے والدین اپنے بچوں کواس خونی کھیل سے روکیں، اساتذہ اور سول سو سائٹی پتنگ بازی کے خونی کھیل کی روک تھام کیلئے اپنی اپنی ذمہ داری ادا کریں۔