(لاہور نیوز) پیشہ ور گداگروں اور بھکاریوں کےخلاف گرینڈ آپریشن کے دوران 102 مقدمات درج کر لیے گئے۔
چیف ٹریفک آفیسر(سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے بتایا کہ رمضان المبارک میں پیشہ ور گداگروں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا، کریک ڈاؤن کےلئے 4 اسکواڈز تشکیل دیے گئے ہیں، رمضان المبارک میں 102 پیشہ ور گداگروں کے خلاف مقدمات درج کروائے گئے ہیں۔
سی ٹی او لاہور کا مزید کہنا ہے کہ 830 سے زائد بچوں اور بزرگوں کو وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔عمارہ اطہر نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کارروائی کا حکم دیا ہے۔
سی ٹی او نے مزید بتایا کہ سگنلز پر پیشہ ور بھکاریوں اور گداگروں کو فوری ہٹایا جا رہا ہے، جعلی معذوری کا روپ دھار کر بھیک مانگنے والوں کیخلاف مقدمات درج کروائے گئے، شہری ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی میں ٹریفک پولیس کا ساتھ دیں کیونکہ آپ کی محنت کی کمائی دھوکہ بازوں کیلئے نہیں ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ گداگروں کی سرگرمیوں سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ حادثات کا اندیشہ بھی رہتا ہے، ٹریفک سگنلز کو گداگری جیسی لعنت سے پاک کیا جائے گا، حوصلہ شکنی سے نہ صرف معاشرے میں بہتری آئے گی بلکہ ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہوگی، غریب ہونا جرم نہیں مگراپنے آپ کو دوسروں کیلئے محتاج بنانا اخلاقاً جرم ہے، بھیس بدل کر بھیک مانگنے والوں کےخلاف مقدمات درج کروائے جائیں، عادی گداگر ہمدردی کےلئے جعلی معذروی کا سہارا لیتے ہیں۔