(ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے زیر صدارت نیکٹا ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نیکٹا کو فرنٹ فٹ پر لڑانے کا فیصلہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ نیکٹا کی جدید خطوط پر تنظیم نو کی جائے گی، نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اگلے ہفتے اجلاس طلب کر لیا گیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کمیٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ زیادہ اہم یہ ہے کہ ہم دہشت گردوں کے خلاف پیشگی ایکشن لیں، وزیر داخلہ نے تمام صوبائی سی ٹی ڈیز کی استعدادکار کے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اب عملی اقدامات کرنا ہوں گے، کسی دہشت گرد تنظیم کو معافی نہیں ملے گی، انتہا پسند نظریہ کے خلاف قومی بیانیہ کی بڑے پیمانے پر ترویج کرنا ہو گی۔
سربراہ نیکٹا رائے طاہر نے وفاقی وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی، سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی اور اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔