(لاہور نیوز) مخصوص سیاسی جماعت کے منفی پروپیگنڈا اور اپنے بارے میں غلط خبریں پھیلانے پر انور مقصود بول پڑے۔
مخصوص سیاسی جماعت اور اسکے اتحادیوں کا مشہور مزاح نگار اور کالم نویس انور مقصود کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا ایک بار پھر بے نقاب ہو گیا، مخصوص سیاسی جماعت اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتی۔
مخصوص سیاسی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس منفی پروپیگنڈا کرنے میں مصروف رہتے ہیں ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے انور مقصود کے اغواء اور ان پر تشدد کی جھوٹی خبر چلائی گئی ۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر غدار وطن عادل راجہ نے ملکی اداروں پر کیچڑ اچھالتے ہوئے انور مقصود کے اغواء، تشدد کا جھوٹا اور من گھڑت الزام لگا دیا، ملک سے باہر بیٹھے بھگوڑے اور ہینڈلرز نامور شخصیات کو آڑ بنا کر گمراہی پھیلانے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔
انور مقصود نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دنوں کچھ خبریں سرگرم تھیں جن کی وجہ سے میرا جینا حرام ہو گیا تھا، دنیا بھر سے چاہنے والے کالز کر کے پوچھ رہے ہیں کہ آپ کیسے ہو اور طبیعت کیسی ہے؟، جو کچھ آپ سن رہے ہیں وہ ہوا نہیں ہے اور نہ ہوگا۔
انور مقصود کا کہنا تھا کہ 66 برس سے میں آپ لوگوں کے لیے لکھ اور بول رہا ہوں، مجھے اپنے سپاہیوں سے محبت ہےجو سرحدوں پر ہماری خاطر جانیں دے رہے ہیں، میرے پاس کیمرے والا فون بھی نہیں، میں کہاں سے ٹویٹ کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر میری تصویر کے ساتھ 42 اکاؤنٹس چل رہے ہیں جو بالکل جعلی ہیں، میں نے ایف آئی اے اور پولیس سے شکایت کی کہ ان اکاؤنٹس کو بند کروائیں، عوام کو آگاہی ہوجانی چاہیے کہ ایک مخصوص سیاسی جماعت اپنے سیاسی مقاصد کیلئے کس حد تک گرسکتی ہے۔
یاد رہے دوروز قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر نامور گلوکار بلال مقصود نے اپنے والد انور مقصود کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ بریانی بناتے دکھائی دیئے،اس دوران انور مقصود کہتے ہیں کہ اگر میرے زخم ہوتے یا ہڈی ٹوٹی ہوتی تو میں کیسے بریانی بناتا؟ میں تو ابھی بریانی بنا رہا ہوں ورنہ تو کوئی اور میرے لیے تین دن کے لیے بریانی بناتا۔