(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبہ بھر کے مزدوروں اور ورکرز کا جامع ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں دیہاڑی دار مزدوروں کو سوشل سکیورٹی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے رجسٹریشن کارڈ جاری کرنے کی تجاویز اور پنجاب میں نافذ لیبر لاز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزدوروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے رسک سیکٹر کی نشاندہی کے لئے عالمی معیار کی لیب قائم کرنے کا حکم دیا جبکہ ورکرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے آکو پیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ موبائل لیب پراجیکٹ شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔
مریم نواز نے رائیڈر سروس فراہم کرنے والے موٹرسائیکل سوار نوجوانوں کے تحفظ کے لئے بھی مؤثر قانون سازی کرنے کی ہدایت کردی جبکہ سندر اور ٹیکسلا میں لیبر کالونیوں کے پراجیکٹس جلد مکمل کرنے کاحکم بھی دیا۔
اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ورکرز اور مزدوروں کے لئے لیبر کالونیاں قائم کی جائیں گی، قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ اور راولپنڈی میں لیبر کمپلیکس بنایا جائے گا، شیخوپورہ اور راولپنڈی میں 1400 مزدوروں اور 800 مزدور خاندانوں کو رہائش فراہم کی جاسکے گی۔
انہوں نے کہا کہ مزدوروں کو اپنا گھر اور اپنی چھت فراہم کرنا میرا عزم ہے،صوبہ بھر میں مرحلہ وار لیبر کالونیاں بنائیں گے،فیکٹریوں میں ورکروں کے تحفظ کے لئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔