(لاہور نیوز) نیپرا اور وزارت پاور ڈویژن کے نوٹسز نظر انداز کردیئے گئے، لیسکو میں اوور بلنگ نہ رک سکی۔
لیسکو کی اوور بلنگ نے صارفین کو چکرا کے رکھ دیا، رواں ماہ بھی زرعی اور کمرشل صارفین کو کروڑوں روپے کی اوور بلنگ کی گئی، لیسکو کے بیچ 45،46 اور 24 میں اوور بلنگ کی بھرمار سے صارفین بل دیکھ کر چکرا گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کی کوٹ لکھپت، شالیمار، رائیونڈ ،پھول نگر اور شاہ پور ڈویژن میں اوور بلنگ کی بھرمار ہے۔
لیسکو نے ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے کے چکر میں کاروبار ہی بند کروا دئیے، 4 کلو واٹ سے 10 کلو واٹ لوڈ کے کنکشنز کو 2 سے 3 کروڑ روپے کے بل بھجوا دئیے گئے، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز کی جانب سے جاری ہدایات بھی زبانی جمع خرچ ثابت ہوئیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لیسکو کے اعلیٰ افسران کی ایما پر اوور بلنگ کی جارہی ہے، لیسکو حکام افسران کو زبانی کلامی ہی ہدایات جاری کرتے ہیں بعدازاں خود اوور بلنگ کرواتے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے اور بجلی چوری کے لاسز کو چھپانے کے لیے اوور بلنگ کی جارہی ہے، ڈائریکٹر کسٹمر سروسز لیسکو رائے اصغر کے دعوؤں کے باوجود ہر ماہ اوور بلنگ ہورہی ہے۔