(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریضوں کو گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی جلد از جلد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہیلتھ پراجیکٹ سے متعلق طویل اجلاس ہوا، سیکرٹری صحت نے ہسپتالوں، ادویات اور دیگر امور سے متعلق اجلاس کے شرکاء کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں ہیلتھ ریفارمز اور دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نےسرکاری ہسپتالوں میں کرپٹ مافیاز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا، مریم نواز نے فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویل پراجیکٹ کو جلد از جلد پوری طرح فعال کرنے کی ہدایت کی۔
دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ "صحت کی دستک آپ کی دہلیز پر"کے تحت فیلڈ ہسپتالوں کے ذریعے 15لاکھ اور کلینک آن ویل کے ذریعے 40 لاکھ شہریوں کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔
مریم نواز نے تمام دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کرنے کی ہدایت کردی، صوبہ بھر میں 2 ہزار 500 بی ایچ یو اور 300 آر ایچ سی کی اسی سال اپ گریڈیشن کی جائے گی۔
اجلاس میں محمد نوازشریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتال کو سرگودھا ڈی ایچ کیو سے متصل اراضی پر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دوران اجلاس گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں کینسر ہسپتال کا پہلا فیز اسی سال مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ 2سال میں پورا ہسپتال بنایا جائے گا، پنجاب کے پہلے بڑے سرکاری کینسر ہسپتال میں ہر سٹیج کے مریض کا علاج کیا جائے گا ،لاہور کے کینسر ہسپتال میں دنیا کے بہترین کینسر سپیشلسٹ ڈاکٹر لائیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہر سرکاری ہسپتال میں ڈاکٹر اور طبی عملے کی موجودگی یقینی بنائی جائے، ہر ضلع میں عوام کےلئے بہترین طبی سہولتیں چاہتے ہیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلیمان رفیق،صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، ڈاکٹر عدنان اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں موجود تھے۔