(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے بھٹہ انڈسٹریل سسٹم کو ڈیجیٹلائز کرنے کا حکم دے دیا۔
سینئرصوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگ زیب کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا، سینئر صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق بہتر ایئر کوالٹی انڈیکس کے لیے بھٹہ انڈسٹریل سسٹم ڈیجیٹلائز کرنے کا حکم دے دیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز تدارک سموگ کے لیے عملی طورپرنہایت سنجیدہ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی عملی سوچ کے تحت پنجاب کے ڈویژنل انڈسٹریل زونز میں ایمشن کنٹرولر لگانے اور مانیٹرنگ کے لیے تین ماہ کی ٹائم لائن مقرر کی ہے، کوالٹی آف لائف ہر فرد کا حق ہے۔
سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ فضائی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف باقاعدہ کریک ڈاؤن ہوگا، انسانی زندگیوں کے ساتھ کھیلنے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔
اجلاس میں بھارت کے ساتھ کراس باڈر ون ٹو ون ایگریمنٹ سائن کرنے پر بھی اتفاق رائے کیا گیا، سینئر صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ کے ماحول دوست ویژن کے تحت دھان کی فصل جلانے کی بجائے کرشنگ مشینوں سے کرش کیے جانے کے عمل کی سخت مانیٹرنگ کا میکانزم لانے کی ہدایت کی ۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پرانسداد سموگ سے متعلق آگاہی مہم کے لیے نئی ایپ متعارف کروائی جائیگی، طالبعلموں کو انوائرمنٹ ایمبسڈرز بنانے کے لیے تمام تعلیمی اداروں میں انوائرمنٹ کلائمیٹ چینج کونسل بنانے کی ہدایت کی ہے۔
پلاسٹک بیگز پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ آئندہ 6 جون کو وزیراعلیٰ کے حکم پر پلاسٹک بیگز بین کردیئے جائیں گے، انڈسٹری کو بین الاقوامی ماحولیاتی معیار پر عمل پیرا ہونے پر سی ایم گرین آفس ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ ماحولیات کو ہسپتال ویسٹ کی تلفی و مینجمنٹ کے لیے مستقل بنیادوں پر حکمت عملی پر عملدرآمد کروانے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔