(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات کے نتائج کے فارم 45 اور 47 کو محفوظ بنانے کیلئے درخواست پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شجاعت علی خان نے شہری شیخ فضل الہٰی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ ملک بھر میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے الیکشن ہوئے، انتخابات کیلئے ملک بھر میں 90 ہزار ریٹرننگ افسران، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور پریذائیڈنگ افسروں کا تقرر کیا گیا۔
درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ان انتخابات کے نتائج کو فوری اپ لوڈ کرنے کے لیے آر اوز، ڈی ار اوز کے لیے ایپ متعارف کرائی، عام انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں نے دھاندلی کے الزامات لگائے، سیاسی جماعتوں نے فارم 45 اور 47 میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے۔
درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے واضح احکامات کے باوجود الیکشن رزلٹ کو محفوظ بنایا گیا اور نہ ہی ایپ پر اپ لوڈ کیا گیا، پاکستان پینل کوڈ کے سیکشن 201، 202 اور 204 کے تحت شہادت ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔
درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی کہ فارم 45 اور 47کو فوری الیکشن کمیشن کی ایپ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت فارم 45 اور 47 کو محفوظ بنانے کا حکم دے۔
تاہم عدالت نے فارم 45 اور 47 کو محفوظ بنانے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت 19 مارچ تک بغیر کارروائی ملتوی کردی۔