(لاہور نیوز) جام کمال خان نے باضابطہ طور پر وفاقی وزیر تجارت کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
وفاقی سیکرٹری تجارت کیپٹن (ر) محمد خرم آغا نے وزارت میں ان کا استقبال کیا، افتتاحی بریفنگ کے دوران وزارت کے دائرہ کار اور مقاصد کا خاکہ پیش کیا گیا۔
وزیر تجارت نے کہا کہ سرمایہ کاری اور مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل طور پر سہولت فراہم کرنے کا مشن ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش معاشی چیلنجز پر قابو پانے کا پختہ عزم لے کر آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تجارت کے حجم کو بڑھائیں گے، خاص طور پر کان کنی، لائیو سٹاک اور ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں جدت لائیں گے، ہمیں عالمی معیارات سے ہم آہنگ ہونے اور جدید طریقوں کو اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ روایتی تجارتی نقطہ نظر سے آگے بڑھنے اور عالمی منڈی میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانے کے لئے فعال اقدامات کو اپنانے کی ضرورت ہے۔
وزیر تجارت نے کہا کہ میری بات سابق وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ہوئی، دونوں نے تجارتی برادری اور حکومت کے درمیان قریبی تعلقات قائم کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔