(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ رمضان نگہبان پیکج سے عوام کی دہلیز پرمدد پہنچارہے ہیں، 64لاکھ خاندانوں تک رمضان نگہبان پیکج پہنچنا اپنی نوعیت کا بڑا کام ہے، سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے بجائے حقیقت کو دیکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رمضان میں باقی شیطان قید ہوجاتے ہیں ذخیرہ اندوزی والا کھل جاتا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت احکامات جاری کیے ہیں، ابھی تک ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو لاکھوں روپے کا جرمانہ کیا جاچکا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف مجسٹریٹس کی ٹریننگ کرائی گئی ہے، وزیراعلیٰ نے ایک ہیلپ لائن بھی فعال کی ہے جس کو وہ خود مانیٹر کررہی ہیں۔
عظمیٰ بخاری کاکہنا تھا کہ پنجاب گورنمنٹ کو پرائس کنٹرول پر نظر رکھنی ہوگی، جن کے پاس سٹاک موجود ہے ان کو گورنمنٹ کے ساتھ شیئر کرنے ہوں گے، آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
صوبائی وزیراطلاعات نے مزید کہاکہ جس نے ریٹ لسٹ کو آویزاں نہ کیا اس کے خلاف سخت ایکشن ہوگا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا علیحدہ علیحدہ ڈیش بورڈ بنا دیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز مجسٹریٹس کو خود مانیٹر کررہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ یہ پاکستان کی 76سالہ تاریخ کا منفرد پروگرام ہے، پنجاب کے لیول پر 3ماہ میں ایک نیا سروے شروع ہونے جارہا ہے، نیا سروے ہونے کے بعد اصل مستحقین کا حق دہلیز پر ملے گا، پنجاب حکومت اگر کوئی سبسڈی دے گی تو اس پروگرام کے مطابق ہوگا، اب بھی لاکھوں خاندان ایسے ہیں جنہیں یہ رمضان نگہبان پیکج ملنا چاہیے تھا۔