رمضان المبارک میں بھکاری مافیا کے خاتمے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائیگی: سارہ احمد
(لاہور نیوز) چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں بھکاری مافیا کے خاتمے کیلئے خصوصی طور پر انسداد گداگری مہم چلائی جائے گی۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے رمضان المبارک میں گداگری کے خاتمے کیلئے خصوصی ریسکیو آپریشن کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں جن کی روشنی میں بیورو نے رمضان المبارک میں گداگر بچوں کو تحویل میں لینے اور بھکاری مافیا کے خلاف ریسکیو آپریشن کے لئے لائحہ عمل تیار کرلیا۔
سارہ احمد کا کہنا تھا کہ انسداد گداگری مہم کے تحت رمضان المبارک میں روزانہ کی بنیاد پر لاہور بھر میں ریسکیو آپریشن کئے جائیں گے،رمضان المبارک میں بھکاری مافیا کے خاتمے کیلئے خصوصی طور پر انسداد گداگری مہم چلائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو ٹیم کی جانب سے صبح اور شام کے اوقات میں ریسکیو آپریشنز کئے جائیں گے ،انسداد گداگری مہم کے تحت چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی جانب سے لاہور سمیت بیورو کے تمام ضلعی دفاتر متعلقہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن کریں گے۔