(لاہور نیوز) لیسکو نے رمضان المبارک کے دوران گھریلو صارفین کو سحری و افطاری میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا پلان تیار کرلیا۔
وزارت پاور ڈویژن کی ہدایات پر لیسکو نے رمضان المبارک کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے ہیں جس کے مطابق لیسکو ریجن میں سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
لیسکو چیف شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ سسٹم مانیٹرنگ کیلئے لیسکو ہیڈ کوارٹرز میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، تمام افسران سحری و افطاری میں کنٹرول روم میں موجود ہوں گے جبکہ پاور کنٹرول روم کی مانیٹرنگ کیلئے علیحدہ ٹیم تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
اسی طرح گرڈ سسٹم آپریشن سرکل کی بھی علیحدہ ٹیم بنا دی گئی ہے اور سب ڈویژنز میں اضافی ٹرالی ٹرانسفارمرز کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے جلنے والے ٹرانسفارمر کو تین گھنٹے میں تبدیل کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔