(ویب ڈیسک)پاکستان ریلوے کا ساڑھے 12 ارب کمانے والی 16 ٹرینیں نجی شعبے کو دینے کا فیصلہ کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ریلوے نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں چلنے والی مزید 16مسافر ٹرینوں کی آوٹ سورسنگ کا حتمی فیصلہ کرتے ہوئے ٹینڈر جاری کردیا، رواں ماہ کمپنیوں کی طرف سے ملنے والی بڈنگ کے بعد یہ مرحلہ مکمل کیا جائے گا جو ٹرینیں آوٹ سورس کی جارہی ہیں وہ پاکستان ریلوے کو سال کا 12 ارب60کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو کما کر دیتی ہیں مگر اس کے باوجود ان ٹرینوں کی آوٹ سورسنگ کی جارہی ہے۔
جن ٹرینوں کی آوٹ سورسنگ ہوگی ان میں شالیمار ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، بولان ایکسپریس، تھل ایکسپریس، سرسید ایکسپریس، موسیٰ پاک، لاثانی، سکھر، کوہاٹ میل ایکسپریس، نارووال پسنجر،جنڈ پسنجر، شاہین پسنجر، اٹک اورچمن ایکسپریس شامل ہیں۔ ریلوے ذرائع کے مطابق جو ٹرینیں کما کر دے رہی ہیں اور دیگر اخراجات بھی پورے کر رہی ہیں۔ان کو نجی کمپنیوں کو دینے کی ضرورت ہی نہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ قوانین کی صریحاًخلاف ورزی،بینچ مارک سالانہ آمدنی سے زیادہ رکھنے کی بجائے کم رکھا گیا۔ ٹینڈر کی ویلیو ایشن13 مارچ کو ہوگی۔ ان پسنجر ٹرینوں کی آوٹ سورسنگ سے مہنگائی میں پسی عوام کو مزید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ یگا۔ریلوے حکام نے رابطے پرجواب دیا کہ قوانین کے تحت ہی ان ٹرینوں کی آوٹ سورسنگ کی جارہی ہے،آوٹ سورسنگ سے مسافروں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔