(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی خدمت کریں گے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نگہبان رمضان پیکیج سے غریب عوام کی خدمت ہو گی، پسماندہ طبقوں کی خدمت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مریم نواز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک مخصوص جماعت کی وجہ سے معاشرے میں تقسیم پیدا ہوئی، نفرت، تقسیم کے ماحول کو دفن کر کے آگے بڑھنا ہو گا، ایسا راستہ نکالنا ہو گا جس سے معاشرہ ترقی کرے، امید ہے شہباز شریف اور صدر مملکت تمام مسائل کو حل کرنے کے لئے مل کر چلیں گے، ہم انشاء اللہ مل کر آگے بڑھیں گے۔
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ بلاول کے اچھے الفاظ پر شکریہ ادا کرتی ہوں، بلاول بھٹو ووٹ نہ بھی مانگنے آتے ہم ووٹ دیتے، بلاول نے ایک جماعت کو کارٹون صحیح کہا تھا، دوسری سیریس جماعتوں کو ملکی مسائل کا احساس ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم الیکشن میں مدمقابل تھے، ہر جماعت کی اپنی ایک سوچ ہوتی ہے، الیکشن کے بعد ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر عوام کے مفاد میں فیصلے کرنا پڑتے ہیں، مسائل اتنے گھمبیر ہیں کہ کوئی تنہا جماعت حل نہیں کر سکتی، ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رمضان پیکیج دیا جا رہا ہے، رمضان پیکیج بلاتفریق دیا جا رہا ہے، تین لاکھ ہیمپرز آج کی تاریخ میں تقسیم کر چکے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ سب کی چیف منسٹر ہوں، فاطمہ جناح، بے نظیر شہید آج یاد آرہی ہیں، بینظیر شہید سے ایک ملاقات ہوئی تھی، میری والدہ ایک بہادر خاتون تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کے حل کے لئے ہم سب کو ایک ہونا پڑے گا، اچھی بات ہے آصف زرداری سیاسی شخصیت اور صدر بنیں گے، آصف زرداری سیاسی اتار چڑھاؤ بھی سمجھتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ایوان صدر سے آئین شکنی ہوئی، شکر ہے اس صدر سے جان چھوٹی، صدر عارف علوی کو قوم اچھے الفاظ سے یاد نہیں رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) صدارتی انتخاب میں آصف علی زرداری کو ووٹ دے گی، سنجیدہ سیاسی جماعتیں قوم کے مفاد کے لئے متحد ہیں، سنجیدہ سیاسی جماعتیں ملک کو آگے بڑھانا چاہتی ہیں، سنجیدہ سیاسی جماعتوں کو پتا ہے عوام ان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔