(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کیخلاف کیسز کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پولیس رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور نے مقدمات کی تفصیلات کے لئے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا، درخواست گزار کی جانب سے آصف ساہی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں پولیس کی جانب سے رپورٹ جمع کروائی گئی،عدالت کو بتایا گیا کہ مسرت چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ پر 27 مقدمات درج ہیں، سات مقدمات لاہور میں، 4 فیصل آباد، 11 راولپنڈی اور ایک مقدمہ اٹک میں درج ہے، عدالت نے پولیس رپورٹ کی روشنی میں دائر درخواست نمٹا دی۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار کے والد جمشید چیمہ اور والدہ مسرت چیمہ کیخلاف کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہیں، درخواست گزار کے والدین کیخلاف سیاسی بنیادوں پر کیسز درج کئے گئے، پولیس کی جانب سے والدین کی گرفتاری کا خدشہ ہے، عدالت والدین کیخلاف درج کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔