(لاہورنیوز) سٹاک مارکیٹ میں ہیرا پھیری میں ملوث افراد کے خلاف فوجداری مقدمات کا اندراج کر لیا گیا۔
سکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملوث سپانسرز کے خلاف مقدمات درج کروائے، فراڈ میں ملوث بروکریج ہاؤس مینجمنٹ کے افراد کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے۔
ایس ای سی پی کے مطابق ملزمان نے 2019 سے 2021 کے دوران قیمتوں میں ہیرا پھیری کی، تین لسٹڈ کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں ہیرا پھیری کر کے منافع کمایا گیا۔
ملوث افراد نے حصص کی قیمتیں بڑھا کر ٹریڈنگ کے آرڈرز لگائے، یہ افراد ایک دوسرے کے ساتھ ہی حصص کی خرید و فروخت کرتے رہے، ملوث افراد نے حصص کی خریداری کے جعلی آرڈرز کا بھی اندراج کروایا۔
ایس ای سی پی کے مطابق ملوث افراد نے بعد میں ٹرانزیکشنز کی ایک بڑی تعداد کو منسوخ کر دیا، ممکنہ سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کیلئے فرضی کوٹیشن بنائے گئے، جرم ثابت ہونے پر ان افراد کو 3 سال تک قید اور 200 ملین جرمانہ ہو سکتا ہے۔