(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نے ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ماس ٹرانزٹ سسٹم کی توسیع کا فیصلہ کرلیا۔
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے ماس ٹرانزٹ سسٹم میں توسیع کا پلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو پیش کر دیا، پلان کے تحت میٹرو اورنج لائن ٹرین کے بعد بلیو لائن اور پرپل لائن متعارف کروائی جائے گی، ایل ڈی اے نے دو نئی میٹرو لائنز کی فزیبلٹی رپورٹ کی تیاری شروع کر دی۔
منصوبے کے تحت پرپل لائن کے ذریعے شمالی لاہور کو ماس ٹرانزٹ سسٹم مہیا کیا جائے گا جبکہ بلیو لائن کے ذریعے وسطی لاہور کے باسیوں کو ماس ٹرانزٹ سسٹم کی فراہمی کی جائے گی، شہر میں نئی میٹرو لائنز کی تعمیر کے تمام منصوبے کو ایک سال میں شروع کیا جائے گا۔
ادھرشمالی لاہور کے باسیوں کو کسی طرح کی کوئی پبلک ٹرانسپورٹ میسر نہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔
دوسری جانب ماس ٹرانزٹ سسٹم کے موجودہ انفراسٹرکچر کی توسیع کا کام بھی کیا جائے گا، گجومتہ سے شاہدرہ تک چلنے والی میٹرو بس کی کالا شاہ کاکو تک توسیع کا پلان بھی وزیراعلیٰ کو پیش کردیا گیا۔
ماس ٹرانزٹ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں کے ٹریفک کاؤنٹ پر مبنی رپورٹ حکومت کو جمع کروائی جاچکی ہے،حکومت کو مزید میٹرو لائنز کی تجاویز بھی جمع کروائی گئی ہیں،حکومت کی اجازت اور فنڈز کی فراہمی سے لائنز کو تعمیر کیا جائے گا۔