(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اچانک گورنمنٹ پائلٹ سکینڈری گرلز سکول کا دورہ کیا جہاں وہ طالبات میں گھل مل گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کینسر ہسپتال سائٹ کا دورہ کرنے کے بعد اچانک وحدت کالونی پہنچیں، انہوں نے بغیر شیڈول گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری گرلز سکول کا دورہ کیا۔
مریم نواز خاموشی سے جا کر کلاس کی طالبات کے ساتھ بیٹھ گئیں، طالبات نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کو اپنے درمیان دیکھ کر حیرانی اور خوشی کا اظہار کیا، سکول میں آٹھویں کلاس میں اردو کا ٹیسٹ ہو رہا تھا، مریم نواز نے طالبات سے مضمون کے عنوان کے بارے میں دریافت کیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خالی ریپرز دیکھ کر بچیوں کو کلاس روم صاف رکھنے کی ترغیب دی اور کلاس ٹیچر کو ٹیسٹ اور تدریس کا عمل جاری رکھنے کو کہا، طالبہ کی طرف سے درست جواب دینے پر مریم نواز نے سراہا اور پیار کیا۔
انہوں نے بچیوں سے سکول میں درپیش مسائل اور ضروریات کے بارے میں بھی دریافت کیا، بچیوں نے لائبریری اور لیب میں بہتری لانے کے لئے کہا، بچیوں نے سکول میں تقریبات کرانے کی بھی فرمائش کی۔
وزیراعلیٰ نے دہم کلاس کے بورڈ کے ہونے والے امتحانات کے دوران امتحانی مرکز کا بھی دورہ کیا، امتحانی مرکز میں انتظامات کا جائزہ لیا اور طالبات کو امتحان دیتے دیکھا۔
مریم نواز نے 8 ویں کلاس کے دوسرے سیکشنز کا بھی دورہ کیا، انہوں نے لائبریری، بیالوجی لیب اور سپورٹس روم کا معائنہ کیا، سٹیڈیم کا دورہ کیا اور اسے بہتر بنانے کی ہدایت کی، مریم نواز نے بورڈ میں پوزیشن لینے والی کھلاڑی طالبات کے ساتھ فوٹو بنوائی اور انہیں آٹو گراف دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سکول سٹاف کے کہنے پر گروپ فوٹو بنوایا اور سکول کی مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے اور ہونہار طالبات سے ملاقات اور بات چیت کو خوش کن قرار دیا۔
اس موقع پر سابق سینیٹر پرویز رشید، رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔