(لاہور نیوز) نومنتخب وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں آج سہ پہر 3 بجے ہو گی، ایوان صدر میں تقریب حلف برداری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، نومنتخب وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری کیلئے دعوت نامے بھی ارسال کر دیئے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: شہباز شریف دوسری بار وزیراعظم پاکستان منتخب، قائد ایوان کی نشست سنبھال لی
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق تقریب میں شرکت کریں گے، اس کے علاوہ چاروں صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ بھی تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ شہباز شریف اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں، قومی اسمبلی میں قائد ایوان کیلئے ہونے والے انتخاب میں شہباز شریف نے 201 اراکین کی حمایت حاصل کی جبکہ ان کے مد مقابل سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب نے 92 ووٹ لیے۔
اس کو بھی پڑھیں: پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کریں گے، مشکل ضرور ہے ناممکن نہیں: نومنتخب وزیراعظم
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور جے یو آئی ف کے اراکین اسمبلی ووٹنگ کے دوران ایوان سے باہر چلے گئے جبکہ اختر مینگل موجود تو رہے لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ (ق) نے شہباز شریف کی حمایت کی۔