(لاہور نیوز) حکومت بدلتے ہی پنجاب بھر میں مختلف شاہراہوں کی مرمت و بحالی کا کام سست روی کا شکار ہو گیا۔
لاہور سمیت صوبے بھر کی سڑکوں کی مرمت میں سستی آگئی، دو ڈیڈ لائنز گزرنے کے باوجود پنجاب بھر کی میونسپل کارپوریشنز سڑکوں کی مرمت و بحالی کا کام مکمل نہ کر سکیں، گزشتہ حکومت نے شاہراہوں کی مرمت کے حوالے سے پہلے 31 دسمبر اور پھر 31 جنوری کی ڈیڈ لائن دی تھی۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق لاہور کی 95 شاہراہوں کی مرمت و بحالی کا کام 95 فیصد مکمل ہو چکا ہے، جھنگ میں 7 شاہراہوں کی مرمت کا صرف 39 فیصد کام مکمل کیا جا سکا،فیصل آباد میں 80 کروڑ روپے کی لاگت سے شاہراہوں کی صرف 70 فیصد مرمت مکمل ہوئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وہاڑی میں 53 کروڑ روپے سے 11 شاہراہوں کی مرمت ہونی ہے لیکن 20 فیصد کام بھی مکمل نہیں ہو سکا،سرگودھا کی 7 شاہراہوں کی صرف 40 فیصدمرمت مکمل کی جا سکی ہے،منڈی بہاؤالدین کی 11 شاہراہوں پر مرمت و بحالی کا صرف 55 فیصد کام ہی ہو سکا۔
سرکاری رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں ایک ارب 95 کروڑ روپے کی لاگت سے 35 سڑکوں پر صرف 57 فیصدکام مکمل کیا جا سکا،شیخوپورہ میں بھی شاہراہوں کی بحالی کا 50 فیصد کام باقی ہے۔
اسی طرح گوجرانوالہ میں 61 کروڑ روپے سے شاہراہوں کی مرمت کا 75 فیصدکام مکمل ہوگیا جبکہ جہلم میں 12 شاہراہوں کی صرف 18 فیصد مرمت مکمل ہوئی۔
ترقیاتی کاموں میں سست روی پر سیکرٹری بلدیات نے مقامی حکومتوں سے رپورٹ طلب کر لی ۔