(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے جاری کی گئی تحقیق میں لبلبے کے سرطان کی واضح نشانیاں بیان کردی گئیں ۔
تفصیلات کےمطابق یہ بیماری سرطان کی وہ قسم ہے جس کا آغاز لبلبے سے ہوتا ہے، لبلبہ انسانی معدے کی پچھلی جانب ہوتا ہے اور خوراک کو ہضم کرنے اور ہارمون کی پیداوار میں مددگار ہوتا ہے۔لبلبے کا سرطان بہت مہلک ہوتا ہے اور اس سے ہونےو الی اموات کی شرح بہت بلند ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں لبلبے کے سرطان سے ہونےو الی ہلاکتوں کی شرح 97.8 فیصد ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سگریٹ نوشی اور غیر صحت بخش طرز زندگی کی وجہ سے لبلبے کا سرطان لاحق ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔لبلبہ پیٹ کی گہرائی میں ہوتا ہے جس کی وجہ سے اس میں سرطان ہوجانے کی صورت میں ڈاکٹروں کے لیے صرف مریض کے جسمانی معائنےکے ذریعے اس کی تشخیص ممکن نہیں ہوتی۔
رپورٹ کےمطابق ابتدائی مراحل میں لبلبے کے سرطان کی کوئی واضح علامات ظاہر نہیں ہوتیں، اور اگر ظاہر ہوبھی جائیں تو وہ غیر واضح ہوتی ہیں اور انہیں کسی اور کم خطرناک مرض کی علامات بھی سمجھا جاسکتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹ میں درد یا تکلیف جو پیچھے کمر کی جانب جارہی ہو، لبلبے کے سرطان کی عام علامت ہے۔
اسی طرح لبلبے کے سرطان کی صورت میں آنکھیں اور جلد زردی مائل ہونے لگتی ہے کیونکہ سرطانی خلیےصفرا کی نالی کو بند کردیتے ہیں جس کی وجہ سے خون میں بائیلروبن نامی مادہ بننا شروع ہوجاتا ہے۔ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ کسی ظاہری وجہ کے بغیر وزن کا مسلسل کم ہوتے چلے جانا سرطان کی کئی اقسام بشمول لبلبے کا سرطان کی علامت ہوسکتا ہے۔