(ویب ڈیسک)ماہرین نے زیادہ وقت ٹی وی کے سامنے گزارنے کے نقصانات سے متعلق تحقیق جاری کردی ۔
تفصیلات کےمطابق ماہرین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد دن بھر میں 5 گھنٹے یا اس سے زائد وقت ٹی وی کے سامنے یا مختلف ڈیوائسز پر ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزارتے ہیں، انہیں رات میں کئی بار ٹوائلٹ جانا پڑتا ہے، اس عارضے کو طبی زبان میں nocturia کہا جاتا ہے۔ ماہرین کی تحقیق میں 20 سال یا اس سے زائد عمر کے 13 ہزار افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق میں شامل ایک تہائی کے قریب افراد نے nocturia سے متاثر ہونے کی شکایت کی تھی، جس کے باعث انہیں رات کو 2 یا اس سے زائد بار ٹوائلٹ کا چکر لگانا پڑتا تھا۔تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 5 گھنٹے یا اس سے زائد وقت ٹی وی یا کسی اسکرین کے سامنے گزارنے والے افراد میں nocturia سے متاثر ہونے کا خطرہ 48 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے مزید بتایا کہ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ دن کا زیادہ وقت ٹی وی یا ویڈیوز دیکھتے ہوئے گزارنے سے nocturia سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ رات میں ایک بار پیشاب کرنے کے لیے اٹھنا فکرمندی کی بات نہیں مگر ایسا کئی بار ہو تو نیند متاثر ہوتی ہے جس سے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
محققین کے خیال میں جو افراد دن بھر میں کئی گھنٹے اسکرینوں کے سامنے گزارتے ہیں، ان میں ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے، جس کے باعث پیشاب بھی زیادہ آتا ہے۔