26 Feb 2024
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب بھر میں سال کی دوسری انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا، مہم میں 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق پنجاب بھر میں سال کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی، پولیو مہم میں 2 لاکھ ورکرز حصہ لے رہے ہیں جبکہ 2 کروڑ 33 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر ہے۔
انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خضر افضال نے کہا ہے کہ وائرس کے خاتمے کے لیے ہر بچے کو قطرے پلانا لازمی ہے، والدین پولیو ٹیموں کو خوش آمدید کہیں، مثبت ماحولیاتی نمونوں میں کمی دیکھنے میں آرہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب 2020 سے پولیو سے پاک ہے، آبادی کی نقل و حمل سے پنجاب میں وائرس دوبارہ داخل ہو سکتا ہے، وائرس کو روکنے کے لیے داخلی و خارجی راستوں پر قطرے پلائے جا رہے ہیں، پولیو ورکر پروگرام کا اثاثہ ہیں۔