(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی پراجیکٹ کے ذریعے نفرت کی سیاست کو پروان چڑھایا گیا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ انتہا پسندی کی کوئی بھی شکل ناقابل قبول ہوگی، ہم نفرت کی سیاست نہیں کریں گے، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی جیتی تو کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی؟ نفرت اور تلخی میں الیکشن کرائیں گے تو نتائج کبھی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے پارٹی کارکنان کو تلقین کی کہ حکومت بنتی ہے یا نہیں لیکن آپ سب پی ٹی آئی کارکنوں سے شفقت سے پیش آئیں گے، بدقسمتی سے ہر جماعت کے حامی سمجھتے ہیں جو زیادہ گالیاں دے گا وہ درست ہے، محاذ آرائی جاری رہی تو بیرونی دشمن فائدہ اٹھائیں گے اور اٹھا رہے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ آج ملک میں جو کھیل کھیلا جارہا ہے اس کے تانے بانے بیرونی دنیا سے ملتے ہیں۔