(ویب ڈیسک)ماہرین کی جانب سے پستے کھانے کے فوائد بیان کردیے گئے ۔
تفصیلات کےمطابق ماہرین کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ پستے روزانہ کھانے سے میٹابولک سینڈروم سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔تحقیق میں 22 سے 36 سال کی عمر کے 84 ایسے افراد کو شامل کیا گیا تھا جن میں میٹابولک سینڈروم میں شامل کسی ایک عارضے جیسے بلڈ پریشر، بلڈ شوگر، اضافی چربی یا کولیسٹرول کا خطرہ موجود تھا۔
ان افراد کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا اور ایک گروپ کو 16 ہفتوں تک پستے کا استعمال کروایا گیا جبکہ دوسرے گروپ کو بسکٹ یا دیگر اشیا کا استعمال کروایا گیا،ان افراد کی غذا یا طرز زندگی میں مزید تبدیلی نہیں کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ پستے استعمال کرنے والی خواتین میں میٹابولک سینڈروم کا خطرہ 67 فیصد جبکہ مردوں میں 42 فیصد تک گھٹ گیا۔نتائج سے یہ بھی معلوم ہوا کہ زیادہ مقدار میں پستے کھانے سے جسمانی وزن میں اضافہ نہیں ہوتا بلکہ پیٹ اور کمر کے اردگرد کی چربی گھٹ جاتی ہے۔
اسی طرح گریوں کو کھانے سے خون میں انسولین کی سطح گھٹ جاتی ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ گریوں کے استعمال سے ہمارا جسم چربی کو توانائی کے لیے زیادہ مؤثر انداز سے استعمال کرنے لگتا ہے۔