پرامن احتجاج سب کا حق، انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے: نگران وزیراعظم
(ویب ڈیسک) نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ پرامن احتجاج سب کا حق ہے، ملک میں انارکی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے۔
نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چیلنجز کے باوجود جمہوری تسلسل خوش آئند ہے، انتخابات کے کامیاب انعقاد پر سکیورٹی اداروں نے اہم کردار ادا کیا، دہشتگردی کے خطرات کے باوجود پرامن انتخابات کا انعقاد ہوا، مجھے 2018ء کی باتیں یاد ہیں، کہا جاتا تھا ملک ڈھاکہ بن جائے گا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ اسلام آباد اسلام آباد ہی رہا کوئی ڈھاکہ نہیں بنا، پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، اس طرح کی بے ہودگی سوچی بھی نہیں جا سکتی کہ ڈھاکہ بنا دیا جائے گا، پرامن احتجاج لوگوں کا حق ہے، اگر لوگ پرامن احتجاج بھی نہ کریں تو یہ فاشزم کی طرف چلا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوڑ ہوتی ہے کہ میں پہلے نتائج کا اعلان کروں، ہمارے ملک میں رزلٹ 36 گھنٹے میں تیار ہوا، ملک میں 92 ہزار پولنگ سٹیشن تھے، 2018ء میں الیکشن کے رزلٹ 66 گھنٹے میں مرتب ہوئے تھے، اس بار الیکشن کے نتائج 36 گھنٹے میں مکمل ہوئے۔
انوارالحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس الیکشن کے تین چار تجربے آ چکے ہیں، بے قاعدگیاں ہوئی ہوں گی لیکن اس کیلئے فورم موجود ہے، الیکشن سے ایک دن قبل بلوچستان میں واقعات ہوئے، پاکستان کو دہشتگردی جیسے چیلنجز درپیش ہیں، انسانی زندگیوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔