(لاہور نیوز) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی ایک اور شرط پوری کرنے کی تیاری کرتے ہوئے گیس کا اوسط ٹیرف مزید 35.13 فیصد تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔
اوگرا نے اسلام آباد سمیت، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گیس صارفین کے لیے ٹیرف میں اوسط 35.13 فیصد جبکہ سندھ اور بلوچستان کے گیس صارفین کے لیے ٹیرف میں اوسط 8.57 فیصد اضافے کی منظور دی ہے۔
فیصلے کے مطابق سوئی ناردرن کا ٹیرف 435.14 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھانے کی اجازت دی گئی ہے، سوئی ناردرن کے لیے نیا ٹیرف 1673.82 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردیا گیا ہے۔
اوگرا نے سوئی سدرن کا ٹیرف 115.72 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو بڑھانےکی منظوری دے دی ہے جبکہ سوئی سدرن کے لیے نیا ٹیرف 1466.40 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کردیا۔
اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوادیا ہے، وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد اوگرا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔