02 Feb 2024
(لاہور نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی کے سات مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں میں کل ایک روز کی توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی ، سینئر کونسل سلمان صفدر کے جونیئر وکیل عدالت پیش ہوئے۔
جونیئر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر اسلام آباد عدالت میں مصروف ہیں ، بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری مکمل کرائی جائے گی۔
پراسیکیوٹر عبدالجبار ڈوگر نے کہا کہ تین مقدمات کا چالان ایڈمن کورٹ کو مارک ہو چکا ہے ، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے سینئر کونسل سلمان صفدر کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا، عدالت نے درخواستوں پر مزید سماعت کل 3 فروری تک ملتوی کردی۔