(لاہور نیوز) وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی معاشی آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر ترسیلات زر، درآمدات اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی ہوئی ، ایف بی آر محصولات، نان ٹیکس آمدنی، سرمایہ کاری اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ترسیلات زر 6.8 فیصد کی کمی ہوئی، ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں مالی سال ایک ارب ڈالر کی کمی ہوئی، رواں مالی سال برآمدات میں 7.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برآمدات گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال 1.1 ارب ڈالر بڑھیں۔
سٹیٹ بینک کے مالی ذخائر میں5 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا، جولائی سے دسمبر ایف بی آر محصولات میں 30.3 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، نان ٹیکس آمدنی میں رواں مالی سال 116.5 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق مالیاتی خسارہ 1683 ارب روپے سے بڑھ کر 2408 ارب روپے تک پہنچ گیا، جولائی سے دسمبر مہنگائی 25 فیصد سے بڑھ کر 28.8 فیصد تک پہنچ گئی۔