(لاہور نیوز) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر کے جونیئر وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے ہدایت کی کہ بانی پی ٹی آئی ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی حاضری مکمل کروائیں جس پر عدالتی عملے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل حکام کو اطلاع دے دی ہے وہ کچھ دیر میں بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر پیش کریں گے۔
وکیل صفائی نے استدعا کی کہ سینئر سٹاف کونسل سلمان صفدر اسلام آباد میں ہیں، ان سات مقدمات میں دو کی ضمانتوں پر بحث مکمل ہے، عدالت ان دو مقدمات پر فیصلہ سنا دے باقی دلائل سینئر وکیل دیں گے۔
پراسیکیوٹر عبدالجبار ڈوگر نے کہا کہ تین مقدمات کا چالان ایڈمن کورٹ کو مارک ہو چکا ہے، اب اس بات پر مختلف ججمنٹس بھی آ چکی ہیں کہ ضمانتوں پر سماعت ایڈمن کورٹ کرے گی، اس حوالے سے پراسیکیوشن نے ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی ہے، ہائیکورٹ سے متفرق درخواست کے فیصلے تک سماعت ملتوی کی جائے۔
عدالت نے پراسیکیوشن سے استفسار کیا کہ دوسرے معزز جج تبدیل ہو چکے ہیں آپ تمام مقدمات میں دلائل دیں گے؟ کیا آپ کو بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری مطلوب ہے، جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی مختلف مقدمات میں گرفتاری درکار ہے، اسلام آباد میں دوسرے مقدمات کا ٹرائل چل رہا ہے۔
بعدازاں عدالت نے 9مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی سات مقدمات میں عبوری ضمانت پر سماعت 2 فروری تک ملتوی کر دی۔