(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کی تاریخ کا اختیار دینے کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے وکلا اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے شہری شبیر اسماعیل کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دلائل دئیے،درخواست میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن ایکٹ 2017 ءمیں ترمیم کرکے شق 57 شامل کی گئی،الیکشن کمیشن کو دفعہ 57 کے تحت انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا اختیار دیا گیا جبکہ آئین پاکستان کے تحت صدر مملکت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر سکتے ہیں۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا اختیار الیکشن کمیشن کو دینا آئین کی خلاف ورزی ہے، لہٰذا عدالت الیکشن کمیشن ایکٹ کی دفعہ 57 کو کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر الیکشن کمیشن کے وکلا اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔