(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پی ٹی آئی رہنما و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان کو فرد جرم کے لیے طلب کرلیا۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی، پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی کو عدالت میں پیش نہ کیا گیا جس پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کو طلب کرنے کے باوجود کیوں پیش نہیں کیا گیا؟ جب ملزم جیل میں ہوتا ہے تو ایسے حاضری معافی نہیں ہوتی، یہ میری عدالت ہے اس میں قانون کے مطابق فیصلہ ہو گا، میں سپرنٹنڈنٹ جیل کو شوکاز نوٹس جاری کروں گا۔
اس کے علاوہ فہد، طاہر مکی، حیدر، سمیع اللہ، محمد عبداللہ، مختار احمد، محمد امین سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔
بعد ازاں عدالت نے چالان کی کاپیاں فراہم کرتے ہوئے تمام ملزمان کو یکم فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔